صوبوں کے قیام کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،سیمینار

صوبوں کے قیام کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،سیمینار

عوام کو حکومتی اداروں تک آسان رسائی دینے میں مدد مل سکتی ،لیاقت بھٹی

حافظ آباد (نمائندہ دُنیا) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے حافظ آباد جم خانہ میں ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں ضلع کی ممتاز سیاسی، سماجی، مذہبی، قانونی، تجارتی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ یونیورسٹی کے طلباء نے بھی شرکت کی۔ سیمینار میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت، انتظامی ڈھانچے میں بہتری، وسائل کی منصفانہ تقسیم، اختیارات کی منتقلی اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر چودھری لیاقت عباس بھٹی کی وفات پر ان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مقررین نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی امور کی پیچیدگیوں، بڑے صوبوں میں اختیارات اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم اور دور دراز و پسماندہ علاقوں کو درپیش مسائل کے پیش نظر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی معاملات کو بہتر بنانے ، عوام کو حکومتی اداروں تک آسان رسائی دینے ، مقامی مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی میں مدد مل سکتی ہے ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام کسی لسانی، نسلی یا علاقائی تعصب کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے لیے انتظامی ضروریات، آبادی، جغرافیائی حقائق، معاشی استعداد، عوامی خواہشات اور قومی مفاد کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے ۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد قومی وحدت کو کمزور کرنا نہیں بلکہ وفاق پاکستان کو مزید مضبوط بنانا، عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنا اور تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع دینا ہونا چاہیے ۔سیمینار میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ نئے صوبوں کی تشکیل ایک اہم آئینی اور قومی معاملہ ہے ، جس کے لیے سیاسی وابستگیوں اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر سنجیدہ قومی مکالمے کی ضرورت ہے ۔ اس ضمن میں آئین پاکستان میں درج طریقہ کار کی مکمل پاسداری، پارلیمانی مشاورت اور تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی فیصلے کو قومی اتفاق اور عوامی تائید حاصل ہو سکے ۔سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا خصوصی مرحلہ بھی منعقد ہوا، جس میں موجود شرکاء، بالخصوص یونیورسٹی کے طلبہ نے مقررین سے نئے صوبوں کے قیام کے آئینی، قانونی، انتظامی اور معاشی پہلوؤں سے متعلق مختلف سوالات کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...