پیغام پاکستان امن کانفرنس‘ مذہبی ہم آہنگی و قومی اتحاد پر زور
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ کے ایک نجی ہوٹل میں ’’پیغام پاکستان امن کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی، جس کا موضوع تحفظِ حرمین شریفین، مذہبی ہم آہنگی، احترامِ انسانیت، منبر و محراب اور دینی مدارس کا کردار اور پیغامِ پاکستان کا فروغ تھا۔
کانفرنس میں عالمی امن کیلئے نمایاں خدمات پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان، امام و خطیب بادشاہی مسجد لاہور اور سفیرِ امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کی۔ اس موقع پر کمشنر محمد علی، آر پی او خرم شہزاد حیدر، سی پی او صہیب اشرف، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، دیگر ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز بھی موجود تھے ۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا۔سفیرِ امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور سعودی عرب کو عالمِ اسلام کی قیادت کا شرف حاصل ہے۔
حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے میثاقِ مکہ المکرمہ پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد اور سلامتی کی ضمانت ہے ۔ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس، منبر و محراب کے ذریعے احترامِ انسانیت، مذہبی ہم آہنگی اور پیغامِ پاکستان کو فروغ دیں۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلا کر قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مولانا آزاد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور شرکا نے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ‘‘اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد’’ کے نعرے لگائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments