حکماکاپنجاب ڈرگز رولز 2026 واپس نہ لینے پراحتجاج کااعلان
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) سابق صدر نیشنل کونسل فار طب اور صدر پنجاب طبی کانفرنس حکیم محمد احمد سلیمی نے کہا ہے کہ طبیب کمیونٹی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب ڈرگز اینڈ تھیراپیوٹک رولز 2026 کو طب دشمن قرار دیتے ہوئے انہوں نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا اور کہا کہ ان رولز سے طبیب کمیونٹی کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گے ۔ حکومت کو ان رولز کی تیاری کے وقت اطباء کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ اگر اربابِ اختیار نے پنجاب ڈرگز اینڈ تھیراپیوٹک رولز 2026 واپس نہ لیے تو ان کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان طبی کانفرنس کے زیرِ اہتمام سلطان طبیہ کالج اور راجپوت ہومیوپیتھک میڈیکل کالج گوجرانوالہ میں منعقدہ ڈویژنل اطباء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان طبی کانفرنس کے مرکزی جنرل سیکرٹری حکیم منصور العزیز کی زیرِ صدارت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی چودھری، چیئرمین سلطان طبیہ کالج و راجپوت ہومیوپیتھک میڈیکل کالج گوجرانوالہ نے کہا کہ ہم اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،حکیم منصور العزیز نے کہا کہ پاکستان طبی کانفرنس طب اور طبیب کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب کے تمام مقررین نے ڈاکٹر و حکیم ذاکر ستار مرحوم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر نیشنل کونسل فار طب کے سی پی ڈی پروگرام میں شرکت کرنے والے اطباء اور سلطان طبیہ کالج کے طلبہ و طالبات میں حجامہ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ، جبکہ فرسٹ ایئر کی طالبہ جنت نور کو ملک بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر شیلڈ اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments