میڈیکل کالج کانووکیشن ‘فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد‘میڈلز تقسیم
نوجوان ڈاکٹر ز مریضوں کو اولین ترجیح دیں اور ملک کا نام روشن کریں:مقررین
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں نویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں بیچ 2019-2024اور 2020-2025 کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں اسناد اور نمایاں کارکردگی پر میڈلز تقسیم کیے گئے ۔تقریب میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ سعید احمد تاج، بانی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک خالد، سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر معروف عزیز خان، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی رجسٹرار کرن فاطمہ، فیکلٹی ممبران، والدین اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج و ملحقہ تدریسی ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد ہارون حامد نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ طب اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دیانت داری، محنت، ہمدردی اور مریضوں کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ مریضوں کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں اور اپنے کردار و عمل سے ادارے اور ملک کا نام روشن کریں۔بانی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک خالد نے فارغ التحصیل طلبہ سے پیشہ ورانہ حلف لیا اور انہیں مریضوں کے ساتھ شفقت، ذمہ داری اور خلوص سے پیش آنے کی تلقین کی۔ تقریب کے دوران طلبہ میں اسناد اور میڈلز تقسیم کیے گئے ۔ مقررین نے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عرفان قیوم ملک نے بھی طلبہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments