بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پلان بنایا جائے :کمشنر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ شاہین آباد جی ٹی روڈ پر بی آر ٹی یلو لائن منصوبے کا دورہ کیا اور مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں، کام کی پیش رفت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر نے نیسپاک اور ہائی ویز حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے کام مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

متبادل راستوں کی مناسب رہنمائی اور ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو آمدورفت میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کچا فتومنڈ روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی اپ گریڈیشن کے نئے منصوبے سمیت سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج سسٹم کی بحالی اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور کام کی رفتار مزید بہتر بنائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...