ڈرائی فروٹ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ, عام آدمی کی پہنچ سے دور
مکسڈ ڈرائی فروٹ 1600روپے کلو، چلغوزہ 2600، کاجو 1600اور بادام 600سے 800روپے تک فروخت کیے جا رہے ہیں، تاجرخشک میوہ جات خریدنا خواب بن کر رہ گیا ہے ، مونگ پھلی، ریوڑی، بھنے ہوئے چنے ہی خریدے جا سکتے ہیں، شہری؛ دنیا سروے
اسلام آباد (ماہتاب بشیر) وفاقی دارالحکومت میں سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کے تاجروں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا، روزنامہ دنیا سروے میں متوسط اور نچلے طبقہ کے شہریوں نے کہا سردیوں میں ڈرائی فروٹ کی خریداری دیوانے کا خواب بن کر رہ گئی ہے ، چلغوزے ، کشمش، چھوہارے ، اخروٹ، انجیر، کاجو، بادام، پستہ ہو یا مکس ڈرائی فروٹ ان کی قوت خرید میں نہیں ہیں ، مونگ پھلی، ریوڑی، بھنے ہوئے چنے ہی خریدے جا سکتے ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے نرخ روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتے ہیں، دکانداروں کا اپنا ریٹ ہوتا ہے ، ایسے خریداروں کو ریٹ بتاتے ہیں جو خریداری کرنا چاہتے ہیں۔ آبپارہ مارکیٹ میں دکاندار عاصم عباسی، نعمت اللہ خان، حاجی بیدار بخت، گل زمیں خان اور دیگر نے کہا ڈرائی فروٹ کے ریٹ نہیں بتا سکتے کیونکہ یہ دکانداری کا اصول ہے ، ہمیں معلوم ہو جاتا ہے کون اصل خریدار ہے اور کون \'صرف چسکے لینے والا ہے ۔ چلغوزہ، بادام ، اخروٹ، کاجو، پستہ کئی اقسام کے ہیں، اچھی کوالٹی کا چلغوزہ 2600روپے کلو، کاجو 1600روپے ، بادام 600سے 800، مونگ پھلی 240، پستہ 1800، گڑ 140، ریوڑی 410، کھجور 300، اخروٹ 400، کشمش 480، انجیر 1200، اخروٹ (گری) 1800اور مکسڈ ڈرائی فروٹ 1600روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔ کچھ آئٹمز بادام، گڑ، ریوڑی، بھنے ہوئے چنے ، کھجور تو سارا سال خریدے جاتے ہیں لیکن چلغوزہ، کاجو، مونگ پھلی، پستہ، چھوہارے ، کشمش، اخروٹ، انجیر اور دیگر آئٹمز کی خریداری موسم سرما میں زور پکڑتی ہے ۔ خشک میوہ جات خریدنے کی سکت ہر شخص میں نہیں کیونکہ قیمتیں زیادہ ہیں۔ مکسڈ ڈرائی فروٹ ریڑھی والے 1200روپے کلو فروخت کرتے ہیں لیکن معیار بہتر نہیں ہوتا ہمارے پاس معیار بہتر ہے اس لئے 1600روپے کلو فروخت کرتے ہیں۔ منڈی میں روزانہ کی بنیا د پر خشک میوہ جات کی قیمتوں میں کمی بیشی ہوتی ہے ، دکاندار مرضی کے ریٹ پر فروخت کر سکتے ہیں کیونکہ نرخوں کا تعین کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں ہے ۔