آئی 12 منڈی,قربانی کے جانوروں کی آمد شروع,قیمتیں آسمانوں پر
قیمتیں بتا کر بیو پاریوں نے خریداروں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی، خریدار جانوردیکھ کر ہی پیچھے ہٹ جاتے ہیں، اخراجات زیادہ، اضافی قیمت ہمارا حق ہے :بیوپاری
20سے 25کلو وزن کے بکرے کی قیمت 50سے 60ہزار، ویہڑے کی 1لاکھ سے 1لاکھ پچیس ہزار روپے طلب کی جارہی ہے ، قیمتیں بہت زیادہ ہیں:خریداروں کی گفتگواسلام آباد (سٹی رپورٹر) سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی 12 ٹو میں سات کروڑ پچیس لاکھ میں نیلام کی گئی مویشی منڈی میں قربانی کیلئے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، منڈی مویشیاں کا باقاعدہ آغاز یکم ذوالحجہ سے ہو گا۔ جانوروں کی قیمتیں بتا کر بیو پاریوں نے خریداروں کے پاؤں تلے سے زمین ہی نکال دی، اکا دکا موجود خریدار جانوروں کی قیمتیں دریافت کرتے ہی پیچھے ہٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔ منڈی میں کثیر تعداد میں، چکوال، روات، بھلوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، لیہ ،بہاولپور، ساہیوال اور دیگر شہروں سے بکرے ، دنبے ، بیل، مینڈھے ، ویہڑے اور اونٹ لانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، روزنامہ دنیا سے بات کرتے ہوئے خریداروں کا کہنا تھا کہ جانوروں کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی ، ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات اور جانوروں کی حفاظت و خوراک کی فراہمی اور ٹھیکہ بھی مہنگا ہے اس لیے اضافی قیمت ہمارا حق ہے ۔ منڈی میں بیوپاری بیس سے پچیس کلو وزن کے بکرے کی قیمت پچاس سے ساٹھ ہزار روپے ، درمیانے وزن کے ویہڑے اور بیل کی قیمت ایک لاکھ سے ایک لاکھ پچیس ہزار روپے اور اونٹ کی قیمت وزن کے حساب سے دو، ڈھائی اور تین لاکھ تک طلب کر رہے ہیں۔ خریداروں کا کہنا تھا کہ بکرے کی قیمت بیوپاری دور سے ہی چالیس، پینتالیس اور پچاس ہزار کی آواز لگا کر بتا دیتے ہیں۔ پندرہ بیس ہزارکا بکرا اور پچاس سے ستر ہزار کا بیل تو منڈی میں موجود ہی نہیں ہے ۔ہر سال قیمتیں دس سے بیس ہزار بیوپاری خود بڑھا دیتے ہیں۔ چند شہریوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔