مری میں جلد پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع کی جائیگی، بلال اکبر

مری میں جلد پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع کی جائیگی، بلال اکبر

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ مری میں جلد پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع کردی جائیگی۔

پنجاب حکومت سیاحوں کی سہولیات کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ مری میں بہت جلد سیکرٹری آر ٹی اے کی تعیناتی عمل میں لائے جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مری کا تفصیلی دورہ کیا۔ بلال اکبر کے ہمراہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر)عبدالوہاب نے صوبائی وزیر کو ٹریفک معاملات اور پارکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے پارکنگ کے لیے مجوزہ جگہوں کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے لاری اڈے کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پارکنگ کی جگہ کے تعین کے بعد رش میں کمی آئے گی، مری میں تمام غیر قانونی اڈوں کے خلاف بھرپور ایکشن ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں