ناجائز منافع خوری؛ 37 افراد گرفتار، 5 لاکھ 80 ہزار جرمانہ

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا گیا گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کارروائیوں کے دوران ڈویژن بھر میں ناجائز منافع خوری کے خلاف 7466 چھاپے مارے گئے۔۔۔
188 شکایات پر مجموعی طور پر 5 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ، ایک ایف آئی آر درج، 7 عمارتیں سربمہر اور 37 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ہیڈکوارٹرز کو پرائس مجسٹریٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپی جائے جو مجسٹریٹس کی کارکردگی اور فیلڈ وزٹس لائیو لوکیشن کے ساتھ مانیٹر کریں، پرائس کنٹرول کیلئے شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں اور ٹاؤنز کو بھی فوکس کیا جائے۔ پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، جہاں خلاف ورزی کے باوجود ایکشن نہیں ہوا وہاں کے پرائس مجسٹریٹس کے خلاف کمشنر آفس ایکشن لے گا۔