پنجاب گروپ آف کالجز نے والی بال چیمپئن شپ جیت لی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پنجاب گروپ آف کالجز نے راولپنڈی بورڈ انٹر کالجیٹ والی بال چیمپئن شپ اپنے نام کرلی ۔
راولپنڈی بورڈ انٹر کالجیٹ والی بال چیمپئن شپ 2024-25 گورنمنٹ کالج رحمت آباد میں منعقد ہوئی جس میں راولپنڈی بورڈ کے مختلف اداروں کی ٹیموں گورنمنٹ کالج رحمت آباد ، گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون ، ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ،پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پنجاب کالج ڈی 9 سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل پنجاب کالج آ ف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پنجاب کالج ڈی 9 سیٹلائٹ ٹائون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ،پنجاب کالج ڈی9 کی ٹیم نے یہ میچ جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔ دوسرا سیمی فائنل گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی اور ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون کی ٹیم نے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔ فائنل میچ پنجاب کالج ڈی 9 سیٹلا ئٹ ٹاؤن اور گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ،پنجاب کالج کے کھلاڑیوں نے تین ۔صفر سے میچ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا ۔پنجاب کالج کے کھلاڑیوں اریب قاسم ،عزیر نجیب ،سعد ربانی اور سفیان عباسی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجزپروفیسر چودھری محمد اکرم نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دی ۔