رواں سال سموگ ایس او پیز خلاف ورزی پر 2صنعتی یونٹس سیل
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ضلع بھر میں انسداد سموگ کارروائیاں جاری ہیں، رواں سال جنوری سے اکتوبر تک ضلع راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 2صنعتی یونٹس سیل کیے گئے، صنعتی یونٹس پر 9لاکھ جرمانہ بھی کیا گیا۔
رواں برس 240اینٹوں کے بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا، انسداد سموگ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر اینٹوں کے بھٹوں کے مالکان پر 81 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح 7 پائرولیسس کو مسمار اور 9لاکھ جرمانہ بھی کیا گیا۔ انسداد سموگ اقدامات کے سلسلے میں 5ہزار 7سو 92گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور 2ہزار 7سو 11کا چالان کیا گیا، 55 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد اور 441افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جولائی سے رواں ماہ تک 19 ہزار سے زائد گاڑیوں نے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔ ادھر کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا عوام بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں، باہر جانا ضروری ہو تو ماسک ضرور استعمال کریں۔ انہوں نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مطلوبہ ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔