جنوبی افریقہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر اُجاگر کر یں ،بیرسٹر سلطان
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص جنوبی افریقہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور ۔۔۔
بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی انتہا کر دی ہے ۔ کشمیریوں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے اور قید کر کے ٹارچر سیلوں میں بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سوسائٹی ساؤتھ افریقہ کے صدر حق نواز سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ حق نواز نے صدر آزادجموں وکشمیر کو ساؤتھ افریقہ کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔ علاوہ ازیں صدر آزاد کشمیر کل 20نومبر کو دن 2بجے کیپٹن ہاؤس منڈی پیراں (کوٹلی) میں استقبالیہ ، 21نومبر کو صبح11بجے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی ، 12بجے دن یونیورسٹی آف کوٹلی کے پانچویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کریں گے ۔