سرکاری ہسپتالوں میں ادویات جلد ختم ، انکوائری کا حکم

سرکاری   ہسپتالوں   میں   ادویات    جلد   ختم    ،    انکوائری    کا    حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہاڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اجلاس میں چاروں اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی ، ڈینگی صورتحال اور رواں ماہ ہونے والی انسداد پولیو مہم کے نتائج کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔

 کمشنر نے دو یونین کونسلوں میں کوریج نسبتا کم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کرکے ذمہ داران کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چاروں اضلاع میں حالیہ انسداد پولیو مہم مجموعی طورپر کامیاب رہی، تاہم حساس علاقوں میں رواں ماہ کے آخرمیں بچوں کو دوبارہ حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیاکہ ڈویژن بھر میں اس وقت ڈینگی کے چار کیس موجود ہیں جن میں تین دیگر اضلاع سے منتقل ہوئے جبکہ صرف ایک مقامی ہے ۔ کمشنر نے انسداد سرگرمیوں کو متواتر جاری رکھنے اور ڈینگی لاروا کے مشتبہ مقامات کی سرویلنس کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کاجائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے خریدے گئے اسٹاک کے جلد ختم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کرکے رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کاحکم دیا۔ انہوں نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو سی او ہیلتھ سے اجلاس کر کے ادویات کی فراہمی وخریداری کاجائزہ لینے کے ساتھ واضح کیاکہ تمام ہسپتالوں میں ادویات وافر مقدار دستیاب ہونی چاہیں۔ انہوں نے اسٹاک پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ خریداری کا سرکل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں