کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 14 واں کانووکیشن
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 14 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا،جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔
کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمدمعین، رجسٹرار پروفیسر محمد عمران، پروفیسر احسن نعمان فیکلٹی ممبران اور ایم بی بی ایس گریجوایٹس سمیت ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران نے گریجوایٹس اور پروفیسر احسن نعمان نے پوسٹ گریجوایٹس سے خدمت انسانیت کا حلف لیا۔صوبائی وزیر صحت نے نمایاں اور کامیاب طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈلز، نقد انعامات اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ کانووکیشن میں کل 18 گریجوایٹس کو مختلف میڈلز سے نوازاگیا۔ڈاکٹر صباح ستار 9 میڈلز حاصل کر کے بیسٹ آل راؤ نڈر قرار پائیں۔تمام مضامین میں اول پوزیشن حاصل کرکے 9 میڈلزحاصل کرنے والی ڈاکٹر فاطمہ رجب تھیں جن کو یونیورسٹی کی جانب سے دو لاکھ روپے انعام دیا گیا۔پوسٹ گریجوایٹ کرنے والوں میں ڈاکٹر مریم عزیز سرجری اینڈ آلائیڈ سپیشلٹیز میں نمایاں قرار پائیں۔ ڈاکٹر راؤ ناصرہ سلیم نے جنرل سرجری میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔