زبانی بنیاد پر قوم کو تقسیم کی سازش روکنی ہوگی،شاداب رضا
کراچی (آئی این پی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ زبان کی بنیاد پر قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کو روکنا ہوگا ۔
اسلام وملک دشمن قوتیں زبان کی بنیاد پر نفرتیں اور انتشار پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔دین اسلام نے مسلمانوں کو ایک جسم کی مانند قرار دیا ہے جسم کے کسی ایک حصہ میں درد ہوتا ہے تو پورا جسم درد محسوس کرتا ہے ،پاکستان کے عوام ایک زنجیر کی علامت ہیں انہیں زبان کی بنیاد پر تقسیم کا حکومت نوٹس لے ۔ادارہ شماریات ایسی رپورٹ شائع نہ کرے جس سے تعصب اور انتشار کو فروغ ملتا ہے ،پاکستان سنی تحریک ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے ،زبان کی بنیاد پر قتل وغارتگری اسلام وملک دشمن ایجنڈا ہے جسے اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ شماریات کی شائع کردہ سروے رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے اور مایوسیوں کے خاتمے کیلئے حکومت مثبت کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے ملک دشمن ہاتھ ملوث ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک قوم بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔