غیرقانونی داخل ہونیوالی گاڑیوں کیخلاف آپریشن، 44 لاکھ جرمانے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر کراچی شہر میں غیر قانونی داخل ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے اگست 2024 سے جاری آپریشن میں اب تک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 1392 گاڑیوں کو چالان کرکے مجموعی طور پر 44 لاکھ 28 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 80 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں اور 58 روٹ پرمٹس معطل کر دیے گئے ۔قوانین کی خلاف ورزی پر18 ٹرانسپورٹرز کو وارننگز جاری کر دیے گئے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کا مقصد تمام ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کو قانونی معیارات کے مطابق لانا ہے ، غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف آپریشن سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بہت کمی آئی ہے ۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلا تفریق قانون کے نفاذ کیلئے پرعزم ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔