الائیڈ ہسپتال ٹو انتظامیہ کا اپنے ہی ڈاکٹرز پر غیر ضروری ٹیسٹ کروانے کا الزام،لیبارٹری پر بوجھ

الائیڈ ہسپتال ٹو انتظامیہ کا اپنے ہی ڈاکٹرز پر غیر ضروری ٹیسٹ کروانے کا الزام،لیبارٹری پر بوجھ

فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ٹو کی انتظامیہ نے اپنے ہی ڈاکٹرز پر غیر ضروری ٹیسٹ کروانے کا الزام عائد کردیا۔ مریضوں کیلئے مفت ٹیسٹ کے حصول میں ایک اور رکاوٹ کھڑی ہوگئی۔

 ڈاکٹرز کے تجویز کردہ ٹیسٹ مخصوص افسر وں سے منظوری ہونے کی صورت میں ہی لیبارٹری میں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ایم ایس نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ نشاندہی کی گئی ہے کہ ڈاکٹر مریضوں کے علاج میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ نامکمل معائنہ اور مریض کی بیماری کا سابقہ ریکارڈ جانے بغیر ہی غیر ضروری ٹیسٹ لکھ دیتے ہیں جس کا بوجھ پتھالوجی لیب پر پڑتا ہے ۔ایم ایس آفس نے ایڈمن رجسٹرار پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ہدایات جاری کردی ہیں اب کسی مریض کو ٹیسٹ کروانے کیلئے کم از کم سینئررجسٹرار کی تجویز درکار ہوگی جبکہ ٹیسٹ مفت کرنے کے لیے ایم ایس، اے ایم ایس ایڈمن، ڈی ایم ایس ایڈمن یا ڈی ایم ایس کنٹرول روم کے دستخط لازمی ہوں گے ۔ الائیڈ ہسپتال ٹو کے ڈاکٹر وسیم حیدر کا کہنا تھا کہ مرض کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کروانا ضروری ہوتا ہے ۔ کوئی بھی ڈاکٹر غیرضروری ٹیسٹ نہیں لکھتا۔ اگر بوجھ زائد ہے تو لیب کی استعداد کار بڑھانے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال کا کہنا ہے غیر ضروری ٹیسٹوں کو روکنے کیلئے یہ اقدام اٹھایا کئی ڈاکٹرز ادویات لکھے بغیر صرف ٹیسٹ تجویز کردیتے ہیں ۔ مریضوں کا کہنا ہے ڈاکٹرز اور انتظامیہ اس حوالے سے کوئی درمیانی راستہ نکالیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں