کنٹونمنٹ بورڈ کے گنجان آباد علاقوں کی سڑ کیں کھنڈر، سفر محال
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)) کنٹونمنٹ بورڈ کے گنجان آباد علاقوں کی کھنڈر بنی سڑکوں پر سفر مشکل کرنا ہو گیا۔ بیشتر سڑکیں عدم توجہی کے باعث گڑھوں میں تبدیل ہو گئیں لیکن ادارے کی تمام تر توجہ صرف صدر کی تزئین و آرائش پر مرکوز ہے ۔
مصریال روڈ، رینج روڈ، چوہڑ بازار سے بھاٹہ چوک، ڈھوک سیداں کے اطراف سمیت اہم سڑکوں پر منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ، تعمیر نو درکنار مرمت اور پیچ ورک کا کام بھی عرصہ دراز سے بند ہے ۔ بھاٹہ چوک مویشی منڈی سے 12 کروڑ سالانہ اور علاقے کے رہائشی و کمرشل جائیدادوں پر بھاری محصولات کے باوجود ان تباہ حال سڑکوں کو نظر انداز کر کے تمام بجٹ صدر کی تزئین و آرائش پر لگایا جا رہا ہے ۔ ان علاقوں کے مکینوں نے کہا کنٹونمنٹ بورڈ اور وزیر اعظم پورٹل پر شکایات کے باوجود کو ئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے سٹیشن کمانڈر اور ایگزیکٹو افسر ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں کا فوری دورہ کر کے مسائل حل کریں۔