مستحق افراد کو سکل ٹریننگ دیکر روزگار کے مواقع فراہم کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی افسران کو ہدایت کی کہ مستحق افراد کو سکل ٹریننگ اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد کی زیر صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس ہواجس میں مستحق گھرانوں کے افراد کی سکل ٹریننگ اور ملازمت کے موا قع کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ مستحقین کو ہنر مند بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ آئندہ اجلاس میں مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے قومی و بین الاقوامی رجحان کے مطابق مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کریں تاکہ بعد از ٹریننگ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ سیکرٹری عامر علی احمد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق گھرانوں کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ کیلئے سپورٹ کرتا ہے اور سکل ٹریننگ کے ذریعے ملازمت کی فراہمی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ان گھرانوں کو غربت سے نکالا جاسکتا ہے۔