پی پی پی کیلئے ورکرز کے پاؤں بھی پکڑ سکتا ہوں ،ہمایوں خان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان نے کہا کہ پارٹی کی خاطر اگر کسی ورکر زکے پاؤں بھی پکڑنا پڑیں تو گریز نہیں کروں گا۔۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سیاسی حریف ہیں، پی پی پی ہر مسئلہ کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتی ہے ،پیپلز پارٹی منرلز بل کو مسترد کرتی ہے جو عوام کے مفاد میں نہیں ،پی ایس ایف اور پی وائی او کو متحرک کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انچارج پیپلز پارٹی سیکر ٹریٹ سبط الحیدر بخاری ، میڈیا کو آرڈینیٹر حافظ راجہ نعیم کے ہمراہ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق ، عوام اور آئین کی بات کی ہے ،چیئر مین نو جوان ہیں وہ نو جوانوں کو متحرک کریں گے ، آئندہ ہفتے راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پنجاب کی تنظیموں سے مشورہ کے لئے دورہ کروں گا۔ دریں اثنا ہمایوں خان نے چیئر پرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد سے ملاقات کی،انہوں نے صوبے کی مجموعی صورتحال، پارٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی ۔ علاوہ ازیں شمالی کوریا کے سفیر مسٹر چو چان مین نے وفد کے ہمراہ پیپلز پارٹی پار لیمنٹیر ینز کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہمایوں خان سے ملاقات کی ۔ سفیر نے نیئر حسین بخاری کو انٹرپارٹی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور تحفہ پیش کیا اور انہیں ورکرز پارٹی آف کوریا کے ہونے والے یوم تاسیس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔