مشروب کمپنی کا گودام، 2 ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر سیل

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)آر ڈی اے نے ڈیفنس روڈ راولپنڈی پر واقع نجی مشروب کمپنی کے گودام اور پروسیسنگ یونٹ جبکہ ہائی کورٹ روڈ پر دو پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے سائٹ دفاتر کو سیل کر دیا ہے۔
ترجمان آر ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں زمین کے غیر قانونی استعمال اور تعمیراتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کی گئیں۔ منظوری کے بغیر گودام میں کام کیا جا رہا تھا اور موجودہ زوننگ کے ضوابط کی صریح خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ مذکورہ دو پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کی گئی جو اتھارٹی کی جانب سے ضروری ٹرانسفر ڈیڈ، مارگیج ڈیڈ اور رجسٹریشن کے لیے ضروری اہم قانونی دستاویزات جمع کرانے میں ناکام رہیں۔ آر ڈی اے کی طرف سے فراہم کردہ متعدد نوٹسز اور مواقع کے باوجود ڈویلپرز نے قانونی ضابطوں کو پورا نہیں کیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آر ڈی اے شہر کی ترقی میں قانون کی بالادستی اور نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔