بجٹ عوام دشمن ،صرف سرمایہ داروں کو ریلیف ملا، ایم ڈبلیو ایم

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) مجلس وحدت مسلمین اس عوام دشمن بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے ۔۔۔
، یہ بجٹ درحقیقت عوام دشمن بجٹ ہے جس میں صرف سرمایہ داروں کو ریلیف دیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بجٹ 2025-26 کے حوالے سے اپنے رد عمل میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے ۔ موجودہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں معمولی اضافہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے جبکہ مہنگائی کی شرح 25 فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں صنعتکاروں، سرمایہ داروں اور بااثر طبقے کو ٹیکس ریلیف دے کر نوازا گیا ہے جبکہ عام آدمی پر براہِ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا ہے ۔ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پوری کرنے کے شوق میں حکومت نے ملکی خودمختاری اور عوامی ریلیف کو یکسر نظرانداز کر دیا ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین مطالبہ کرتی ہے کہ تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔