اقوامِ متحدہ کے وفد کا کھر فارمز کوٹ ادو کا دورہ،آم کے پودے لگائے
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطح وفد نے مشیر چیئرمین سینیٹ مصباح کھر اور معروف صنعتکار غلام محمد یحییٰ کھر کی میزبانی میں کھر فارمز غربی کوٹ ادو کا دورہ کیا۔
وفد کی قیادت اقوامِ متحدہ کے پاکستان میں ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ اور انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ کی نمائندہ فرنانڈا تھوماز نے کی۔ دورے کے دوران آم کے درخت لگانے کی تقریب منعقد کی گئی، وفد نے آم کے کاشتکاروں سے ملاقات کی۔ فرنانڈا تھوماز نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے 10اضلاع میں 400,000خواتین کو مویشی فراہم کیے گئے، 7,300بے زمین خواتین کو گھر دیئے گئے اور 30,000خاندانوں کو کمیونٹی فوڈ بینکس کے ذریعے خوراک مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی کیلئے موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی ہنر مندی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں علاقائی رقص پیش کیے گئے اور روایتی ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کی کوٹ ادو آمد اور آم کے باغات کے فروغ کیلئے کیے گئے دورے کو سراہا۔