راولپنڈی:واٹر سپلائی سکیموں کیلئے 4ارب 58کروڑ مختص

راولپنڈی:واٹر سپلائی سکیموں کیلئے 4ارب 58کروڑ مختص

راولپنڈی (زاہد اعوان) پنجاب حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں راولپنڈی ڈویژن کے 6اضلاع میں واٹرسپلائی، ڈرینیج اور سیوریج کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 4ارب 58کروڑ 15لاکھ 9ہزار روپے مختص کیے جن میں سے جاری سکیموں پر جون 2025تک 2ارب 56کروڑ 62لاکھ 88ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ 2ارب 1کروڑ 48لاکھ 35ہزار روپے نئے مالی سال 2025-26میں جاری کیے جائیں گے۔

 ضلع راولپنڈی میں نیو دھرجاوا واٹر سپلائی سکیم، نئے ٹورسٹ سپاٹ دھیرکوٹ، سپرنگ واٹر سپلائی سکیم کوٹلی ستیاں اور واٹر سپلائی، ڈرینج و سیوریج سسٹم کہوٹہ کیلئے مجموعی طور پر 1ارب 7کروڑ 5لاکھ 27ہزار روپے مختص کئے گئے جن میں 83کروڑ 22لاکھ جون 2025تک جبکہ 23کروڑ 83لاکھ نئے مالی سال میں جاری ہونگے۔ دھرجاوا واٹر سپلائی سکیم مری کیلئے سٹینڈبائی پمپنگ انتظامات کیلئے کل 83کروڑ 72لاکھ مختص کیے گئے جن میں سے 45کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں اور اب 38کروڑ 72لاکھ 76ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری کیے جائیں گے۔ ڈونگہ گلی واٹر سپلائی سکیم مری کیلئےمجموعی طور پر 76کروڑ 67لاکھ 33ہزار روپے مختص کیے گئے، 48کروڑ روپے خرچ ہوچکے جبکہ 28کروڑ 57لاکھ 33ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ضلع چکوال میں گلیوں و نالیوں کی تعمیر کے لئے مجموعی طور پر 39کروڑ2لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 35کروڑ 69لاکھ 64ہزار روپے جون 2025 تک خرچ ہوچکے جبکہ 3کروڑ 32لاکھ 97ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔

ضلع چکوال کی تین واٹر سپلائی سکیموں جھامرہ، منڈے اور بسین کیلئے مجموعی طور پر 5کروڑ 44لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 4کروڑ 39لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 5لاکھ روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ضلع جہلم میں رورل واٹر سپلائی سکیم کندوال تحصیل پنڈدادنخان کیلئے کل 44کروڑ62لاکھ 67ہزار روپے مختص کیے گئے تھے جن میں 43کروڑ 3لاکھ 7ہزار روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 59لاکھ 60ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے۔ جہلم شہر میں نالے کی تعمیر کیلئے مجموعی طور پر 49کروڑ 95لاکھ 18ہزار مختص تھے جن میں سے جون 2025تک 40کروڑ 70لاکھ 30ہزار روپے خرچ ہوچکے ہیں اور اب 9کروڑ 24لاکھ 88ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری ہونگے ۔ تحصیل پنڈدادنخان میں نرومی دھن واٹرسپلائی سکیم کو جاری رکھنے اور اس کے انتظام کیلئے کل 53کروڑ 96لاکھ 95ہزار روپے مختص کیے گئے تھے جن میں سے 39کروڑ 80لاکھ 87ہزار روپے خرچ ہوچکے ہیں اور اب مزید 14کروڑ 16لاکھ 8ہزار روپے نئے مالی سال میں جاری ہوں گے ۔ راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع اٹک، جہلم، چکوال، مری، راولپنڈی اور تلہ گنگ سمیت صوبے کی نئی واٹر سپلائی سکیموں کیلئے مجموعی 1ارب 5کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو یکم جولائی 2025 کے بعد جاری کیے جائیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں