قوم کی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیم کا فروغ ناگزیر ، چیئر مین سینیٹ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ قوم کی ترقی اور بقا کیلئے ناگزیر ہے ۔ اساتذہ، تعلیمی منتظمین اور پالیسی ساز ہی کسی قوم کے فکری اور اخلاقی مستقبل کے اصل معمار ہوتے ہیں۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن اور ایچ ای ڈی پی ٹیم نے تعلیم کے شعبے میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے جو کہ لا ئق ستائش اقدام ہے ۔انہوں نے کہا تعلیم محض روزگار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ خودداری، وقار اور سماجی ترقی کی راہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکلٹی، لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ ایکسیلینس کانفرنس 2025 کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کا انعقاد ہا ئیر ایجوکیشن کمیشن نے کیا تھا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا اس سال 86سرکاری جامعات کے 4,000 سے زائد فیکلٹی ممبران، خواتین اور یونیورسٹی منتظمین کو تربیت فراہم کی گئی ، عالمی ترقیاتی شراکت داروں ورلڈ بینک، برٹش کونسل اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی شراکت محض انفراسٹرکچر یا تربیتی پروگراموں تک محدود نہیں بلکہ انہوں نے ادارہ جاتی خود انحصاری، پائیداری اور جامع ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان اس وقت تک اپنی حقیقی صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا جب تک خواتین کو قیادت، تعلیم اور مواقع تک مساوی رسائی حاصل نہ ہو۔ FLAME 2025 کا اختتام دراصل اصل سفر کا آغاز ہے ۔