30 جون تک سی ڈی اے کے بقایا جات ادا نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے قائم مقام چیئرمین طلعت محمود کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں بتایا گیا کہ ڈی جی ریکوری سی ڈی اے کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نے سی ڈی اے کے تمام بقایاجات کی وصولی کیلئے ایک جامع پلان آف ایکشن ترتیب دیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جن شہریوں کے ذمہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کے واجبات بقایا ہیں ان کو فوری طور پر اپنے بقایاجات جمع کروانے کے لیے کہا گیا ہے بصورت دیگر انہیں بھاری جرمانے عائد کیے جا ئیں گے اور انکی پراپرٹیز کی الاٹمنٹ بھی 30جون کے بعد منسوخ کردی جائے گی، قانون کے مطابق نیلامی بھی کی جائے گی اور سی ڈی اے کے نادہندگان کے نام اخبارات میں مشتہر کیے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے ون ونڈو فسیلیٹشن سینٹر صبح 9 بجے سے رات 9بجے تک کھلا رہے گا جو افراد یا ادارے اپنے واجبات ادا نہیں کرینگے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا ئیگی۔