مری میں ممکنہ برفباری ،متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
محکمہ ہائی وے ، ٹریفک پولیس ڈیوٹی پر موجود رہے ،سیاحوں کو سہوت دی جائے ،ڈی سی
مری(نمائندہ دنیا)ملکہ کوہسار مری، گلیات اور گرد ونواح متوقع برفباری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس نے تمام متعلقہ محکموں اور فیسلٹیشن سینٹرز کو الرٹ کرتے ہوئے محکمہ ہائی وے مشینری کو ہدایات جاری کیں کہ برفباری کے دوران تمام عملہ اور مشینری شاہراوں پر موجود رہے اور نمک کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے ،سٹی ٹریفک پولیس بھی ٹریفک کی روانی کویقینی بنائے اندرون شہر کے بازاروں اور گلی محلوں کی صفائی کو آر ڈبلیو ویسٹ مینجمنٹ مری برف کی صفائی کو یقینی بنائے تاکہ ملک بھر سے آنے والے سیاح مہمانوں اور شہریوں کو مکمل سہولیات فراہم ہو سکیں ڈی سی نے فسیلٹیشن سینٹروں کا دورہ کیا اور الرٹ رہنے کی ہدایات دیں۔دوسری جانب پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے سرمائی سیزن اور متوقع برفباری کے پیشِ نظر جامع ایمرجنسی کور پلان کے تحت اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکار شہریوں اور سیاحوں کو بروقت، مؤثر اور بلا تعطل ریسکیو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔خراب موسمی حالات اور ممکنہ برفباری کے تناظر میں ریسکیو 1122 مری کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔