چوری شدہ ایم ٹیگ کے استعمال پر مقدمہ درج ہو گا،ڈی جی ایکسائز
شہری ایم ٹیگ گم ہو نے پر اسے بلاک کرواکر مفت نیا حاصل کرسکتے ہیں سٹکر ز میں ایسے سکیورٹی فیچرز ہیں جن کی نقول بنانا مشکل ہے ، عرفان میمن
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل عرفان نواز میمن نے ایم ٹیگ سٹکرز کی چوری اور حفاظت سے متعلق کہا ہے کہ نئے ایم ٹیگ سٹکرز میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ ان کی نقول بنانا یا چوری کے بعد استعمال مشکل سے مشکل تر ہو سکے ۔ شہر بھر میں قائم مختلف ناکہ جات پر ریڈرز کی مدد سے ایم ٹیگ کی سکیننگ کی جاتی ہے جس سے نہ صرف سٹکر کی بائیک نمبر کے ساتھ مماثلت کو پرکھا جاتا ہے بلکہ گاڑی کی ملکیت کی تصدیق بھی فوری طور پر ہو جاتی ہے ۔ اگر کوئی شخص اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل پر غیر متعلقہ یا چوری شدہ ایم ٹیگ استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف موقع پر ہی مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔ اگر ایم ٹیگ سٹکر گم ہو جائے یا چوری ہو جائے تو اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے ہیلپ لائن 1313 پر کال کر کے اسے بلاک کروا سکتے ہیں، سٹکر بلاک ہونے کے بعد شہری محکمہ سے دوبارہ مفت میں نیا ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے ۔