صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جائے ، رندھاوا

 صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جائے ، رندھاوا

کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ ،خراب مرمت ،ڈیجیٹل سکرینز پر آگاہی دیں کمرشل مراکز میں تھری بن نظام یقینی بنایا جائے ، چیئر مین سی ڈی اے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت صفائی ستھرائی کے اعلیٰ نظام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں صفائی ستھرائی سے متعلق مسائل کے فوراً حل کیلئے ایک جامع نظام ترتیب دیا جائے ، اس سلسلے میں اسلام آباد بھر میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائیگا۔اجلاس میں شہر بھر میں سیکنڈری و پرائمری کولیکشن کو بہتر بنانے کیلئے نئی مشینری اور افرادی قوت کو فور ی پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جدید آلات، مشینری، افرادی قوت اور منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ شہری اور دیہی علاقوں میں کوڑے کے کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا، خراب کنٹینرز کی مرمت کی جا ئیگی۔

اسی طرح کوڑا تلف کرنے کیلئے شہر بھر میں ڈسٹ بنز نصب کئے جائینگے ۔چیئرمین نے ہدایت کی کہ کمرشل مراکز میں تھری بن نظام کو یقینی بنایا جائے ، مقامی لوگوں کیلئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، مراکز اور کمرشل ایریاز میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والے عناصر کیخلاف چالان اور جرمانے کو یقینی بنایا جائے ، ریستورانوں کیخلاف اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کارروائیاں کرے ۔ صفائی ستھرائی کے عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 24/7 کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔ شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائنز نمبرز شہر بھر کی ڈیجیٹل سکرینز میں عوام کی آگاہی کیلئے آویزاں کئے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں