سی ڈی اے عملہ کا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک، توڑ پھوڑ

سی ڈی اے عملہ کا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک، توڑ پھوڑ

کھڈا مارکیٹ میں رہائشیوں کی موٹر سائیکلوں کی ہوا نکال دی گئی، والو بھی غائب ملازمت پیشہ افراد اور دیگر رہائشیوں کو مالی نقصان، پریشانی، اصلاح احوال کا مطالبہ

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کے عملے کی جانب سے مبینہ طور پر شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں عملے نے موٹر سائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنے اور نقصان پہنچانے سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ روز کھڈا مارکیٹ میں کارروائی کے دوران سی ڈی اے عملے نے رہائشی پلازہ کے سامنے پارک کی گئی موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین اور متاثرین کے مطابق عملے نے نہ صرف موٹر سائیکلوں کے ٹائروں کی ہوا نکالی بلکہ ان کے والو (Valve) بھی نکال کر لے گئے ، جو سراسر غیر قانونی عمل ہے جس سے وہاں مقیم ملازمت پیشہ افراد، سکیورٹی گارڈز اور دیہاڑی دار مزدوروں کو شدید ذہنی پریشانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ متاثرین کا موقف ہے کہ مارکیٹ کے فلیٹس میں رہنے والے غریب اور متوسط طبقے کے افراد اپنی موٹر سائیکلیں پلازوں کے سامنے پارک کرتے ہیں، وہاں انتظامیہ نے \'نو پارکنگ\' کا کوئی بورڈ بھی نصب نہیں کیا جس سے ممنوعہ جگہ کا علم ہو سکے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے عملہ کے اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی اور نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں