موٹر سائیکلوں پر نصب ایم ٹیگ نئی چپ پر کام جاری

  موٹر سائیکلوں پر نصب ایم ٹیگ نئی چپ پر کام جاری

ایف ڈبلیو او نئی ٹیکنالوجی پر مبنی چپ تیار کر رہا ،مفت دی جائیگی ،ڈی سی اسلام آباد

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر نصب ایم ٹیگ کے حوالے سے ایک نئی چپ پر کام جاری ہے ، موجودہ صورتحال میں موٹر سائیکل سے ایم ٹیگ اترنے کے بعد وہ ناکارہ ہو جاتا ہے ، انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نئی ٹیکنالوجی پر مبنی چپ تیار کر رہا ہے ، جو تیار ہوتے ہی شہریوں کو مفت جاری کر دی جائے گی۔سکیورٹی کے حوالے سے عرفان نواز میمن نے کہا ہمیں اس بات کا ڈر نہیں ہے کہ ایک بائیک کا ایم ٹیگ دوسری موٹر سائیکل پر استعمال ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایم ٹیگ میں جدید حفاظتی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو کسی بھی قسم کی چوری یا غلط استعمال کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔

ایم ٹیگ چوری ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شہری ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے اپنا ٹیگ فوری بلاک کروا سکتا ہے ، جس کے بعد اسے مفت میں نیا ایم ٹیگ فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان المبارک کے حوالے سے کہا کہ شہر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔آن لائن ٹیکسی سروسز کے حوالے سے عرفان نواز میمن نے بتایا کہ ان کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 19ہزار سے زائد ٹیکسیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں