کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی پاکستان تقریب میں شرکت
پاکستان اور کینیڈا کی دو ایوانوں والی پارلیمانوں کے درمیان بین الپارلیمانی تبادلوں پر زور
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان نے سینیٹ آف کینیڈا کی عمارت اوٹاوا میں کیا تھا۔ عمارت کے سینیٹرز چیمبر میں ہونے والی یہ تقریب کینیڈا میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے \"ایشین ہیریٹیج مہینے \" کی تقریبات کے حصے کے طور پرمنعقد ہوئی ۔ 80 کے قریب مہمانوں نے شرکت کی جن میں سینیٹرز، اراکین ہاؤس آف کامنز، دیگر کینیڈین معززین، سفارتی کور کے نمائندوں، پاکستانی کمیونٹی اور مقامی میڈیا نے خصوصی شرکت کی۔ ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے ، آرٹ، سیاحت، ایڈونچر اسپورٹس اور پاکستانی کھانوں کو اجاگر کرنے والا پبلسٹی مواد اور ویڈیو کلپ پیش کیا۔ہائی کمشنر نے سینیٹر سلمیٰ کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی ۔ انہوں نے موجودہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے پاکستان اور کینیڈا کی دو ایوانوں والی پارلیمانوں کے درمیان بین الپارلیمانی تبادلوں پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے لیے پاکستان اور کینیڈا کے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور سیاحتی تعلقات کو بڑھانے کے بے پناہ مواقع کو بھی اجاگر کیا۔