اسلام آباد میں انسدادِ گداگری مہم ، 53 گرفتار
روزانہ کی بنیاد پر گداگروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں ،ڈی سی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے انسدادِ گداگری مہم کے تحت شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے 53 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے رات گئے چھاپے مار کر 30 گداگروں کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے 13 اور اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا نے 10 گداگروں کو حراست میں لیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے علاقوں میں گداگروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کریں تاکہ دارالحکومت کو اس سماجی برائی سے پاک کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ گداگری مہم میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی مدد اور تعاون سے شہر کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کیا جا سکتا ہے۔