صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات میں پیپلزپارٹی کی متعدد تجاویز تسلیم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں حالیہ الیکشن اور بجٹ سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال ہوا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّہ ملاقات موجود تھے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دوران ملاقات قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتِ حال، معیشت، اگلے مالی سال کے بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و امان اور قومی اہمیت کے امور پر گفتگو کی۔
بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف سے متعلق بات کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دینے پر زور دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ آنے والے بجٹ میں شرحِ ترقی اور عوامی فلاح کی سکیموں کو ہم آہنگ کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ایران اور علاقائی سفارتی رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی، ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹراحد چیمہ بھی شریک تھے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل راٹھور اور ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی اجلاس میں موجود تھے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا پیپلزپارٹی نے بجٹ کے معاملے پر حکومت سے تعاون کا گرین سگنل دے دیا، شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری سے گرمجوش انداز میں بغل گیر ہوئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی بہترین انتخابی مہم کو سراہا اور گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر اُنہیں مبارک باد دی۔
اُنہوں نے دورانِ گفتگو آصف علی زرداری سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان ہیں، نوجوانوں کو بہترین انداز میں پیغام پہنچایا، آخر برخوردار کس کا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بجٹ کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی متعدد تجاویز تسلیم کر لیں جب کہ پیپلزپارٹی نے تعاون پر آمادگی ظاہر کر دیا اور بجٹ پیش کرنے کیلئے تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔