محرم الحرام میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی رپورٹر ،نیوزرپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی، روٹس کی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ پلان، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون، روٹ کلیئرنس، داخلی و خارجی راستوں کی موثر نگرانی، رضاکاروں کے کردار اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ادھر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، سکیورٹی انتظامات اور عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس مری میں ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر نے کی۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، ہنگامی طبی سہولیات، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی، بہترین انتظامی اقدامات اور بین الادارہ جاتی تعاون کے ذریعے پرامن اور منظم ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔