سیالکوٹ ایرپورٹ کارگو ٹرمنل میں پہلی ای ڈی ایس مشین کا افتتاح
چیئرمین سیال حسن علی بھٹی اور چیئرمین ایکسپورٹ ڈولپمنٹ فنڈ عمر سعید نے افتتاح کیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے کارگو ٹرمنل پر پاکستان کی پہلی ای ڈی ایس مشین نصب کردی گئی۔ اس حوالے سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیئرمین سیال حسن علی بھٹی اور چیئرمین ایکسپورٹ ڈولپمنٹ فنڈ عمر سعید کی جانب سے ای ڈی ایس سسٹم کا مشترکہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین سیال وقاص افضل، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز سیال، ڈائریکٹر ایکسپورٹ ڈولپمنٹ فنڈ عباس مہدی، اور ڈی جی ٹی ڈیپ خالد رسول سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن علی بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کارگو ٹرمنل میں ملک کی پہلی ای ڈی ایس مشین کی تنصیب ہمارے لئے باعث اعزاز ہے ۔ انکا کہنا تھا اس سسٹم کے نفاذ پر ایکسپورٹ ڈولپمنٹ فنڈ کی معاونت پر انکے مشکور ہیں۔ ای ڈی ایس مشین ایک گھنٹے میں 1800 بیگز کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ اس دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی ہے۔