سی ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کریک ڈائون،متعدد عمارتیں سیل
کارروائی اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر کی گئی ،مالکان کو پہلے نوٹس جاری کئے گئے تھے لیکن شرائط پوری نہ کیں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، نان کنفرمنگ یوز اور فائر سیفٹی کے ناقص یا غیر موجود انتظامات پر کارروائی کی گئی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کرتے ہوئے سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر متعدد عمارتیں سیل کر دیں۔ سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہا ئوسنگ ونگ کی کارروائی کے دوران بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، نان کنفرمنگ یوز اور فائر سیفٹی کے ناقص یا غیر موجود انتظامات سامنے آنے پر عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔سی ڈی اے کے مطابق کارروائی سے قبل عمارتوں کے مالکان اور متعلقہ افراد کو قانون کے تحت نوٹسز جاری کیے گئے تھے ، تاہم نوٹسز میں دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسی کمرشل عمارتوں اور یونٹس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جنہوں نے سی ڈی اے سے منظور شدہ بلڈنگ پلان حاصل نہیں کیا یا منظوری، رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن سمیت دیگر لازمی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ سی ڈی اے کے ابتدائی جائزے کے مطابق بعض عمارتوں میں تعمیراتی نقشوں کی منظوری، فائر سیفٹی سرٹیفیکیشن اور دیگر ضابطہ جاتی تقاضوں کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کو شہریوں کی جان و مال کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبہ فیض آباد سے کورال تک تقریباً 9.3کلو میٹر طویل دو طرفہ تین رویہ کیرج وے پر مشتمل ہے ، جس کا مقصد ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments