چیئرمین سی ڈی اے کا ڈپلو میٹک انکلیو کا دورہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنیکی ہدایت
مختلف جاری کاموں کا معائنہ،رفتار، پیش رفت اور معیار کا جائزہ،متعلقہ افسران کی جاری منصوبوں،سرگرمیوں بارے بریفنگڈپلومیٹک ایریا کی سکیورٹی سخت،گرین ایریاز، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جائے،سہیل اشرف
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی، تزئین و آرائش، خوبصورتی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان اقدامات کا مقصد ڈپلومیٹک انکلیو میں سکیورٹی، لینڈ سکیپنگ اور مجموعی ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ورکس) اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔چیئرمین نے مختلف جاری کاموں کا معائنہ کیا اور ان کی رفتار، پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو اب تک ہونے والی پیش رفت، جاری سرگرمیوں اور باقی ماندہ کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیئرمین نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کام منظور شدہ ڈیزائنز، اسپیسی فکیشنز اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو انتہائی اہم اور حساس علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے سفارتی منظرنامے کا ایک اہم حصہ ہے، لہٰذا یہاں کا انفراسٹرکچر اور مجموعی ماحول اسلام آباد کے ایک منظم، جدید، خوبصورت، محفوظ اور بہترین انتظام و انصرام کے حامل وفاقی دارالحکومت کی عکاسی کرنا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ سی ڈی اے شعبوں کو ہدایت کی کہ گرین ایریاز، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ پورا علاقہ صاف ستھرا، خوبصورت، منظم اور خوشگوار ماحول کا عکاس نظر آئے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کام مقررہ مدت کے اندر تیزی سے مکمل کیے جائیں اور معیار و اسٹینڈرڈز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments