گندم کی مجوزہ قیمت 4500روپے فی من مقرر، عاشق کرمانی
رواں سیزن کے دوران پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65لاکھ ایکڑ ہے
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں گندم کی کاشت کے فروغ اور مقررہ اہداف کے حصول کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گندم کی مجوزہ قیمت 4500روپے فی من مقرر کی ہے، جبکہ رواں سیزن کے دوران صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح راولپنڈی ڈویژن کیلئے 16لاکھ ایکڑ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کو مقررہ اہداف سے بھی زائد رقبے پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں۔ وزیر زراعت نے کہا کہ گندم ملکی غذائی تحفظ کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گندم کی کاشت کاشتکاروں کیلئے ایک منافع بخش عمل بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 50لاکھ ایکڑ رقبے کیلئے ڈی اے پی کھاد کی خریداری پر 17ارب روپے کا اضافی بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 3500روپے اضافی بلاسود قرض کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، جس سے تقریباً 10لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments