واسا:جزوی فنڈز جاری نہ ہونے سے بیشتر سکیمیں نامکمل

واسا:جزوی فنڈز جاری نہ ہونے سے بیشتر سکیمیں نامکمل

سیوریج اور واٹر سپلائی کے متعدد اہم منصوبے شامل ،مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث عملی پیش رفت محدود رہی نشتر کالونی سے ہڈیارہ ڈرین تک سیوریج نظام کی بحالی کا منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا،10ارب روپے کے فنڈز کاتخمینہ

لاہور( سٹاف رپورٹر سے )واسا لاہور کے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار چار ماہ گزرنے کے باوجود تسلی بخش نہ ہو سکی۔ بجٹ میں شامل منصوبوں کے لیے جزوی فنڈز جاری ہونے سے بیشتر سکیمیں تاحال نامکمل ہیں۔پنجاب حکومت کی فنڈنگ سے واسا کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے دس ارب چھیالیس کروڑ ستاون لاکھ بیاسی ہزار روپے کا تخمینہ رکھا گیا، جس میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے متعدد اہم منصوبے شامل ہیں، تاہم مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث عملی پیش رفت محدود رہی۔شہر کے اہم علاقوں میں سیوریج نظام کی بہتری کے منصوبے بھی فنڈنگ کی کمی سے متاثر ہیں۔ شوق چوک سے شوکت خانم چوک تک تین ارب روپے کی لاگت سے نئے سیوریج سسٹم کی تنصیب کا منصوبہ اضافی فنڈز کا منتظر ہے ۔ جزوی فنڈنگ کے باعث منصوبے پر کام مطلوبہ رفتار سے آگے نہ بڑھ سکا۔دوسری جانب نشتر کالونی سے ہڈیارہ ڈرین تک سیوریج نظام کی بحالی کا منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ اس سکیم کے لیے ایک ارب پینسٹھ کروڑ روپے کے فنڈز جزوی طور پر جاری کیے گئے ، جس کے باعث علاقے میں سیوریج نظام کی بہتری کا کام متاثر ہوا۔واسا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل دیگر سکیموں پر بھی فنڈز کی کمی کے اثرات نمایاں ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...