6 نامور خواتین کی زندگی کا سورج سال 2014 میں ڈوب گیا

6 نامور خواتین کی زندگی کا سورج سال 2014 میں ڈوب گیا

ملکہ ترنم کی بیٹی ظل ہما ذیابیطس کے باعث خالق حقیقی سے جاملیں،صحافی شبانہ شفیق خون کے سرطان کے باعث انتقال کرگئیں

اداکارہ سنبل طلعت ،کوکنگ سے وابستہ فرح جہانزیب ، سارہ ریاض کا انتقال کینسر سے ہوا،بیگم اشرف عباسی بھی چل بسیںکراچی (رپورٹ :اسماء ایوب خان)پاکستان کی نامور خواتین جن کا تعلق کسی نہ کسی شعبے سے رہا مگر 2014ء کا سال ان کی زندگی کا آخری سال ثابت ہوا اور اپنے عروج کے دور میں وہ دنیا سے پردہ کرگئیں ، ان شخصیات نے سماجی ،صحافتی اور ثقافت کے شعبوں میں ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا،ان خواتین میں ملکہ ترنم نور جہاں کی صاحب زادی ظل ہما کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ،ظل ہما 1944ء میں لاہور میں پیدا ہوئیں اور 16 مئی کو لاہور میں ہی خالق حقیقی سے جا ملیں ،وہ ذیا بیطس کے مرض میں مبتلا تھیں ،انھوں نے سوگواروں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے ۔ مشہور ٹی وی آرٹسٹ سنبل طلعت اقبال 13ستمبر کو 67 سال کی عمر میں امریکا میں انتقال کر گئیں وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، انھوں نے 1980ء میں فلم ،ٹی وی اور اسٹیج کے اداکار طلعت اقبال سے شادی کی، سنبل کے مشہور ڈراموں میں آخری چٹان اور لیلیٰ مجنوں شامل ہیں ،انھوں نے تین بچوں اور شوہر کو سوگوار چھوڑا ہے ۔ کوکنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ہر دل عزیز ،مقبول اور خوش شکل شخصیت کی مالک فرح جہانزیب 45 برس کی عمر میں کینسر کے سبب 21 جولائی کو لاہور میں انتقال کر گئیں ،فرح کو لذیذ کھانے پکانے میں کمال حاصل تھا،کھانے پکانے کے شعبے سے ہی تعلق رکھنے والی ایک اور نامور شخصیت سارہ ریاض جو نجی ٹی وی میں پروگرام کر رہی تھیں ،18 اپریل کو بریسٹ کینسر میں مبتلا ہو کر لاہور میں اچانک انتقال کرگئیں ان کی مو ت فوڈ انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی خاتون سینئر صحافی (رپورٹر )شبانہ شفیق 28 جولائی کو انتہائی مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں،انھیں خون کا سرطان تھا ان کی ناگہانی موت پر عالمی اور ملکی صحافی تنظیموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،انھوں نے صحت کے شعبے میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کیا۔نجی ٹی وی کے ڈراما سیریل پرچھائیاں سے مقبولیت حاصل کرنے والی نوجوان اداکارہ ثناء خان7 مارچ کو ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں ۔ سیاست سے تعلق رکھنے والی خاتون بیگم اشرف عباسی 3 اگست کو اس دنیا سے رخصت ہوئیں ،بیگم اشرف عباسی پاکستان قومی اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی اسپیکر تھیں ،ان کا شمار پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی بہت نزدیکی ساتھیوں میں کیا جاتاتھا۔سینئر اداکارہ عبیدہ انصاری 70 سال کی عمر میں 24 مارچ کو انتقال کر گئیں، انھوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں