شر گینگ کے مزید 8 ڈاکوئوں نے ہتھیار ڈال دئیے
ملزم قتل، اغواء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، بھتہ خوری میں ملوث تھے
رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سندھ پنجاب سرحدی کچہ کے علاقوں میں جاری مشترکہ آپریشن کے دوران شرگینگ کے آٹھ ڈاکوؤں نے خود ہتھیار ڈال کر پولیس کے حوالے کر دیے ۔ گرفتار شدگان میں رانجھو شر، الہ دین شر، احمد علی شر، بشیر شر، خادم شر، ساجد شر، یاسین شر اور مہینوال شر شامل ہیں۔پولیس کے مطابق یہ تمام ملزم قتل، اغواء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی، بھتہ خوری، پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں مطلوب تھے ۔ ہتھیار ڈالنے کے بعد پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لے لیا۔علاقائی پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ سرحدی علاقوں میں جرائم پر قابو پایا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال مزید مستحکم ہو۔