بیوٹیفکیشن سکیمز ،معیار اورڈیزائن پر سمجھوتا نہیں ہوگا : کمشنر
سکیمیں صرف آ رائشی منصوبے نہیں ، شہریوں کا معیار زندگی بلند ہوگا :نو ید حیدر
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ بیوٹیفکیشن سکیمز میں معیار اورڈیزائن پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، 15 اپریل کی مقررہ ڈیڈ لائن ہر صورت پوری کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ شہر کی بڑے پیمانے پر جاری ترقیاتی و خوبصورتی مہم کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد عامر ،اے سی ریونیو محمد فرقان ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبد الر ئوف ،سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن قیصر امین،اربن یونٹ، نیسپاک کے علا و ہ ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔
کمشنر آفس میں منعقد اجلاس کے دوران شہر کے داخلی راستوں، گرین بیلٹس، سٹریٹ سکیپس، سرکاری عمارتوں اور اہم چوراہوں کی تزئین و آرائش سے متعلق اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے واضح کیا کہ بیوٹیفکیشن سکیمز صرف آرائشی منصوبے نہیں بلکہ شہریوں کے معیارِ زندگی، ٹریفک کے بہاؤ، ماحولیات اور مثبت شہری تاثر کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ٹھیکیدار اور محکمے کام کی رفتار اور معیار دونوں میں توازن برقرار رکھیں۔ناقص میٹریل یا غیر معیاری کاریگری کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے یقین دہانی کرائی کہ فیلڈ میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور جہاں کہیں بھی کام میں سستی یا معیار میں کمی پائی گئی، وہاں فوری ایکشن لیا جائے گا۔