ڈاکٹر ہارون الرشید کی نماز جنازہ ،سرکاری اعزاز کیساتھ سپردخاک
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے ماہر تعلیم شاعروادیب 178 کتب کے مصنف چیف وارڈن سول ڈیفنس ختم نبوت کے داعی پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کو تاریخ ساز نماز جنازہ ادا کر کے قومی پرچم کے سائے تلے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر سرگودھا کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔
تفصیل کے مطابق ماہر تعلیم شاعرو ادیب، ختم نبوت کے داعی،چیف وارڈن سول ڈیفنس سرگودھا،فخر سرگودھا، 178 کتب کے مصنف ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ایک روز قبل 71 سال کی عمر میں مختصر علالت کے باعث دنیا فانی سے کوچ کر گئے تھے کو مرکزی عید گاہ میں تاریخ ساز نماز جنازہ ادا کر کے قومی پرچم کے سائے تلے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا اس موقع پر سرگودھا کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔مرحوم کی نماز جنازہ ان کے حقیقی بھائی مرزا عبدالسلام نے پڑھائی جس میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران،شہری دفاع کے افسران و جوانوں، قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب،اتحاد علماء کے اراکین، وکلاء، تاجران، علماء معززین اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہریوں نے شرکت کر کے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبروجمیل کی دعا کی جن کے ایصال ثواب کے لئے آج منگل کے روز واپڈا کالونی گروانڈ اقبال کالونی میں خصوصی اجتماع ہو گا۔