سیالکوٹ : ٹوٹے ڈھکن، کھلے گٹر شہریوں کیلئے خطرہ
ہیڈ مرالہ روڈ،مراد پور چوک ،مسجد قبا روڈ، صدر بازار، مسجد روڈ، علامہ اقبال سکول روڈ سمیت دیگر علاقوں میں صورتحال ابتر ،علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہر کے مختلف علاقوں میں ڈھکن ٹوٹنے یا غائب ہونے کے با عث کھلے گٹر شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کے واضح احکامات کے باوجود سیالکوٹ شہر کے مختلف علاقوں ہیڈ مرالہ روڈ،مراد پور چوک ،مسجد قبا روڈ، صدر بازار، مسجد روڈ، علامہ اقبال سکول روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گٹروں کے ٹوٹے ڈھکن عوام کیلئے وبال جان بن گئے ۔
مساجد کے راستوں پر کھلے ہول نمازیوں کے لئے نماز فجر، نماز تراویج کے وقت مسائل پیدا کررہے ہیں اور اکثر اوقات یہاں موجود بدبو اور تعفن زدہ پانی کی وجہ سے نمازی ذہنی کوفت اور اذیت سے دوچار رہتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں گٹروں او رنالوں میں گرنے کے با عث متعدد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ، انتظامیہ کو ہوش کے نا خن لینے چاہئیں ، ٹوٹے مین ہولز کو مرمت کرکے کور کیا جائے تاکہ مسافروں کی زندگی محفوظ رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کو بہتر نہ بنایا گیا تو سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔