سی ایس ایس امتحان کیلئے نظم وضبط ناگزیر ،ڈاکٹر عبدالحئی

سی ایس ایس امتحان کیلئے نظم وضبط ناگزیر ،ڈاکٹر عبدالحئی

کامیابی کیلئے توجہ صرف امتحانات کی تیاری پر ہی مرکوز ہونا ضروری ہے،کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی میں نوواردطلبہ کیلئے تعارفی کلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این ای ڈی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحئی مدنی نے کہا ہے کہ سی ایس ایس کا امتحان دینے کیلئے نظم وضبط کا واضح نظام وضع کرنا ناگزیر ہوتا ہے جس میں آپ کے لئے ضروری ہے کہ ساری توجہ صرف امتحانات کی تیاری پر ہی مرکوز ہو، اسی صورت آپ اس امتحان میں کامیابی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ سی ایس ایس کے امتحانات میں ناکامی کی ایک بڑی وجہ طلبہ کا سی ایس ایس کے نصاب اور مواد کو نظر انداز کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ بیورو جامعہ کراچی کے زیر اہتمام سی ایس ایس امتحانات کی تیاری کے کورس میں داخلہ لینے والے نوارد طلبہ کے لئے کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی میں منعقدہ تعارفی کلاس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ، رئیسہ کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شہناز غازی اور ایوان لیاقت گرلز ہاسٹل جامعہ کراچی کی پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید بھی موجودتھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ بیورو جامعہ کراچی ڈاکٹر غزل خواجہ ہمایوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ذہانت کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مقابلے کے امتحانات میں شرکت کی طرف راغب اور تیاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں