میٹرک ای گریڈ میں، پاس ہزاروں طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلے کیلئے نا اہل قرار

میٹرک ای گریڈ میں، پاس ہزاروں طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلے کیلئے نا اہل قرار

صرف نجی کالجوں میں داخلہ لے کر تعلیم کا حصول ممکن بنا سکیں گے، غریب طلبہ پر اضافی بوجھ ہو گا، محکمہ کالج ایجوکیشن کا اقدام ظالمانہ اور نا انصافی پر مبنی ہے، والدین اور طلبہ کا رد عمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے میٹرک ای گریڈ میں پاس کرنے والے ہزاروں طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلے کیلئے نااہل قرار دے دیئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹرک بورڈ کراچی سے جنرل گروپ میں ای گریڈ سے پاس ہونیوالے 4 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے جبکہ رواں ہفتے کراچی میں میٹرک سائنس گروپ کے متوقع نتائج میں میں ای گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے، جس کے بعد صرف کراچی میں تقریباً 10 ہزار سے زائد طلبہ کے سرکاری کالجوں میں داخلے سے محروم رہ جانے کا اندیشہ ہے، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ای گریڈ سے پاس ہونیوالوں کی ممکنہ تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جاتی ہے۔ محکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ای گریڈ میں پاس طلبہ صرف پرائیویٹ کالجوں میں داخلہ لے کر تعلیم کا حصول ممکن بناسکیں گے جو غریب طلبہ پر اضافی بوجھ ہوگا کیونکہ سندھ حکومت نے سرکاری کالجوں کے طلبہ کی رجسٹریشن اور انرولمنٹ کی مد میں رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری لے رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے احکامات پر صوبہ سندھ میں نئے سینٹرلائزڈ داخلہ پالیسی کے حوالے سے صوبے بھر میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کر دیا گیا ہے کہ ای گریڈ میں میٹرک پاس کرنیوالے طلبہ داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب والدین اور طلبہ نے محکمہ کالج ایجوکیشن کے اس اقدام کو ظالمانہ اور نا انصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں