ماڑی پور ایکسپریس وے آئی سی آئی انٹرچینج: محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کی ہدایت

ماڑی پور ایکسپریس وے آئی سی آئی انٹرچینج: محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت 35 ویں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے اجلاس میں ماڑی پور ایکسپریس وے اور آئی سی آئی انٹر چینج پروجیکٹ کی تعمیر شروع کرنے ، ملیر ایکسپریس وے کی تکمیل، این ای ڈی ٹیک پارک پروجیکٹ کا آغاز اور صوبے میں اساتذہ کی بہترین تربیت دینے کیلئے اساتذہ کی تربیت کے چار اداروں کو نجی سیکٹر کے حوالے کرنے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ۔

 اجلاس میں صوبائی وزرا ناصر شاہ، سید ضیا عباس، جام خان شورو، سید سردار شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ایم پی اے ڈاکٹر سہراب سرکی، ایم پی اے غلام قادر چانڈیو، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید، این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی، چیئرمین پی اینڈ ڈی محسن نقوی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شمس سومرو، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری، سیکریٹری ورکس عمران عطا، سیکریٹری آبپاشی حلیم شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ڈی جی پی پی پی یونٹ خالد شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ماڑی پور ایکسپریس وے اور آئی سی آئی انٹر چینج پروجیکٹ ایک رعایتی معاہدے کے ذریعے ڈیزائن، تعمیر، فنانس، آپریٹ، مرمت اور ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں ماڑی پور ایکسپریس وے کی 8 کلومیٹر 22لین اور آئی سی آئی پل پر ایک کلومیٹر دو لین (ایک طرفہ) انٹرچینج شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بورڈ ممبران کی مشاورت سے سب سے کم بولی دینے والے کو ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا اور محکمہ خزانہ کو کام شروع کرنے کیلئے ضروری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے الائنمنٹ میں معمولی تبدیلیوں کی منظوری دی اور ڈی جی پی پی پی یونٹ خالد شیخ کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔ پی پی پی پالیسی بورڈ نے این ای ڈی کیمپس میں این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری دی، جس کا بنیادی مقصد انٹرپرینیورشپ کے ذریعے ایک اختراعی ماحولیاتی نظام کی تعمیر، اختراع کی قیادت میں معاشی نمو کو تحریک دینا، مقامی تحقیقی مراکز کے ساتھ مل کر تحقیق اور ترقی کی کمرشلائزیشن ،تعلیمی ادارے اور مزید ترقی اور اقتصادی تنوع کیلئے بہتر بین الاقوامی اور قومی اسٹرٹیجک روابط پیدا کرنے کو فروغ دینا ہے۔ پی پی پی پالیسی بورڈ نے ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اینڈ کالج پروجیکٹ کی فزیبلٹی اور اس کے بعد نجی شراکت داروں کی درخواست کی منظوری دی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں