عمران خان نے وزارت خزانہ کو تجربہ گاہ بنا دیا،وقار مہدی

عمران خان نے وزارت خزانہ کو تجربہ گاہ بنا دیا،وقار مہدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسپکشن و انکوائری ٹیم وقار مہدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا وزیر اعظم کو ریکارڈ مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام سے کوئی ہمدردی ہے نہ ہی سروکار۔

ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام گیس کا شدید بحران پہلے ہی سے جھیل رہے ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے تیل اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہلے پہ دہلے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیاں قومی معیشت کے لیے زہر ہیں، انہوں نے اپنے دور اقتدار میں وزارت خزانہ کو تجربہ گاہ بنا دیا ہے ، جبکہ اسٹیٹ بینک کو حکومت نے آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے ۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم تاحال آدھے درجن وزرائے خزانہ، پونے درجن چیئرمین ایف بی آر اور ایک درجن سیکریٹری خزانہ تبدیل کر چکے ہیں۔ وقار مہدی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور تیل و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام عمران خان کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں،27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کا سیلاب اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں