میٹرک بورڈ: امتحانی پرچوں کی کمپیوٹرائزڈ جانچ پڑتال کا تجربہ کامیاب

میٹرک بورڈ: امتحانی پرچوں کی کمپیوٹرائزڈ جانچ پڑتال کا تجربہ کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے امتحانی نتائج میں شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھنے کیلئے امتحانی جوابی کاپیوں پر کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کے ذریعے جانچ پڑتال (اسسٹمنٹ) کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں تعلیمی سال منعقد ہونے والے نہم و دہم سائنس و جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کی کاپیوں پر بھی کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ و ڈی کوڈنگ کی جائے گی۔ ثانوی بورڈ جنور ی کے آخری ہفتے میں نہم جنرل گروپ کے نتائج جاری کریگا، جبکہ نہم سائنس گروپ کی مارکس شیٹ کا اجرا اگلے ہفتے سے ہوگا۔ ثانوی بورڈ نے میٹرک کے اسپیشل امتحانات لینے کے امکانات کومسترد کردیا ہے۔

اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کا کامیاب تجربہ نہم جماعت کے جنرل گروپ کی امتحانی کاپیوں پر کیا ہے، جس کے باعث نہم جنرل گروپ کے نتائج میں تاخیر ہوئی۔ نہم جنرل گروپ کے نتائج نہم سائنس گروپ سے قبل آتے تھے مگر اس بار ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میرٹ کو برقرار رکھنے اور کسی بھی طرح امتحانی کاپیوں میں اضافی نمبروں کے ہیر پھیر کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

اس کے تحت کمپیوٹر ہی امتحانی کاپیوں کو کوڈ او ر ڈی کوڈ کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اس بار نہم جنرل گروپ کی امتحانی کاپیوں کی کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کا تجربہ کامیاب رہا ہے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں تعلیمی سال کے دوران ہونیوالے نہم و دہم سائنس و جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کی کاپیوں کی جانچ پڑتال کمپیوٹرائزڈ کوڈنگ اور ڈی کوڈنگ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد میرٹ کو برقرار رکھنا اور امتحانی کاپیوں میں اضافی نمبروں کے ہیر پھیر کے کسی بھی امکان کو ختم کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نہم جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان ماہ جنوری کے آخری ہفتے میں کردیا جائے گا جبکہ نہم سائنس گروپ کی مارکس شیٹ کے اجرا کا عمل اگلے ہفتے سے شروع کردیا جائے گا، محکمہ تعلیم کی جانب سے ثانوی سطح پر میٹرک میں گریڈ کم لانے والے طلبہ کے لیے اسپیشل امتحانات کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، نہ ہی اس طرح کا کوئی حکم دیا گیا ہے، ہم سالانہ امتحانات 2022ء کی تیاری کررہے ہیں، اگر محکمہ تعلیم کوئی فیصلہ کرتا ہے تو اس پر من وعن عمل کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں